لاہور، کاہنہ‘ چونیاں، رائے ونڈ‘ ننکانہ صاحب‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار+ این این آئی+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ لاہور میں 215 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز چھاجوں چھاج مینہ برسا۔ لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کے علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیا۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور واسا عملے کو جلد ازجلد پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق شہر میں گزشتہ روز مون سون کی سب سے بڑی ریکارڈ بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش صبح سات بجے سے وقفے وقفے سے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ تک شہر کے مختلف حصوں میں برستی رہی۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ دوران بارش شہر کے 90فیصد پونڈنگ پوائنٹس کو شام تک کلیئر کردیا گیا۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش 167 ملی میٹر لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کاہنہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی۔ 30سالہ فوزیہ زوجہ شہناز اس کی 5سالہ بیٹی فاطمہ اور 4سالہ اسماعیل شدید زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء اوکاڑہ میں کرنٹ لگنے سے بھی ایک ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق رائے ونڈ میں چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں لاہور ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ زخمیوں میں مقصوداں بی بی، طارق ، فرح شامل ہیں۔ جبکہ دوسری جانب واپڈا کے جلال پورہ گرڈ سٹیشن کی مرکزی دیوار بھی گر گئی۔ چونیاںسے نامہ نگارکے مطابق بسم اللہ چوک ظہیر آباد کالونی چونیاں میں تیز بارش سے باڑے کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر خاتون ہلاک ہو گئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں نشیبی علاقے زیرآب آنے سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور‘ کاہنہ سے وقائع نگار اور نامہ نگار کے مطابق کاہنہ کی حدود سرائچ گاؤں کے رہائشی محنت کش امانت کے گھر کی بالائی منزل گرنے سے اسکے تین بچے 8 ماہ کا طیب‘ 5 سالہ ارم اور 7 سالہ عادل ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ 6 سالہ مناہل اور 14 سالہ رمضانہ زخمی ہوئے۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا۔ اسلام آباد کے بعض سیکٹر تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح 18 فٹ سے بھی تجاوز کر گئی۔ اسلام آباد کے سیدپور ویلج اور دیگر پہاڑوں پر موسلادھار بارش سے نالے بھر گئے۔ جی ٹین‘ ایف الیون سمیت دیگر سیکٹرز میں گاڑیاں پانی میں تیرتی رہیں۔ گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش: چھتیں گرنے، کرنٹ سے لاہور 3بچے چو نیاإ ، اور کا ڑہ میں 2افراد جاں بحق
Sep 11, 2021