سرینگر‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی‘ این این آئی) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں علی گیلانی کے گھر کی طرف مارچ روکنے کیلئے علاقہ سیل کر دیا گیا۔ مرکزی مساجد کو بدستور تالے لگے ہیں۔ نماز جمعہ پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جس کے باعث سرینگر سمیت وادی کی کسی بڑی مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات نہ ہو سکے۔ سری نگر سے کے ایم ایس کے مطابق سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ روکنے کے لئے حیدر پورہ کو سیل کر دیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے حیدر پورہ کی جانب مارچ کی اپیل کی تھی جسے جبراً روک دیا گیا۔ بھارتی حکومت نے نماز جمعہ کی اجازت نہ دی۔ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے رہائشی علاقے حیدر پورہ کی مرکزی جامع مسجد میں مسلسل دوسرے جمعہ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی۔ مسجد کے باہر تعینات پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ"آئی جی پی صاحب کا حکم ہے، نماز نہیں ہوگی"۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ نئے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دوسرے کشمیری قیدیوں کو رہا کرائے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت کے بعد مقرر کئے گئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نئے عہدیدار ثابت قدمی سے بزرگ رہنما کے نظریہ پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے حریت رہنمائوں کو بدنام کرنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسیوں ، زرخرید میڈیا اور آر ایس ایس کے کارکنوں کی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے کام کرنے والی سول سوسائٹی اور سٹرٹیجک ایڈوکیسی تنظیم کشمیر سیویٹاس (Kashmir Civitas) نے ایک اینی میٹڈ ویڈیو کے ذریعے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے ساتھ روا رکھے گئے غیر انسانی سلوک اور بھارتی فورسز کی طرف سے ان کی میت کی بے حرمتی کی منظر کشی کی ہے۔ ویڈیو میں بھارتی فورسز کی کارروائی کو سنگین جنگی جرم اور جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 17 کی براہ راست خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں سید علی گیلانی کو ہر کشمیری کا ہیرو قرار دیا گیا ہے جنہوں نے کبھی بھی بھارتی مظالم کے سامنے ہار نہیں مانی۔
علی گیلانی کے گھر کی طرف مارچ وکنے کیلئے علاقہ سیل ، مساجد کو بد ستور تالے
Sep 11, 2021