لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر پورا فوکس ہے۔ پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں۔ ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ تحریک انصاف کا بیانیہ شفافیت، میرٹ، انصاف اور قانون کی عملداری ہے۔ ماضی کے فرسودہ نظام نے اداروں کو تباہ و برباد کیا‘ کئی دہائیوں کے بگڑے نظام کو درست کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں بکھر چکی ہیں، اپوزیشن کے پاس کرپشن بچانے کے سوا کوئی اور ایجنڈا نہیں، ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتا۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح ون مین شو کا قائل نہیں ہوں۔ سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ ذاتی تشہیر کی بجائے کام پر توجہ ہے۔ دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں اور 3 برس کے دوران پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ الزامات کی سیاست کبھی نہیں کی۔ الزامات لگانے والے اپنے داغدار ماضی پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اور عوام ایسے عناصر کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ عوام کی خدمت کے سامنے الزامات لگانے والوں کی منفی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں۔ عوام کی بے لوث خدمت میرا مشن ہے اور اپنے مشن کی تکمیل کے لئے آخری حد تک جاؤں گا۔ سازشی عناصر ایک بار پھر ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں۔ ان عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے۔ سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیر اعظم وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کریں گے اور عوام کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے۔ پانی کے نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں خود بھی فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔
عوام کی خدمت مشن ، تکمیل کیلئے آخری حد تک جائوں گا: عثمان بزدار
Sep 11, 2021