شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات اور ای وی ایم واحد آپشن: گورنر 

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے۔ اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کی مخالفت کرنا شفاف انتخابات میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے انتخابی نتائج چند گھنٹوں میں قوم کے سامنے آجائیں گے۔ اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ لاہور میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا  شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ  ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں گے کہ وہ کس جماعت کو آئندہ حکومت میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔ گورنر  نے کہا کہ  ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں شجری کاری میں بھر پور حصہ لیکر اپنی ذمہ داری پوری کر ے ۔ چوہدری سرور نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔ ہماری حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے گورنر ہائوس کے دروازے کھولے ہیں انکے مسائل کو حکومت ترجیح بنیادوں پر حل کر رہی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن