اسلام آباد(نا مہ نگار)ابتدائی طبی امداد کا عالمی دِن آج 11ستمبر کو منایا جا رہا ہے، ہلالِ احمر پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود 194ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ سوسائٹیاں، انٹرنیشنل کمیٹی اور انٹرنیشنل فیڈریشن ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کی تربیت اِس سے متعلق علم کے حصول اورعوام الناس میں آگاہی پھیلانے سے متعلق تقریبات کا انعقاد کریں گی۔ ہر سال ستمبر کے دوسرے ہفتہ کوطبی امداد کے عالمی دِن کے طور پر منایا جاتا ہے، اِس دِن کو منانے کا مقصد قومی سطح پر ابتدائی طبی امداد کے طریقوں کو سیکھانے، ایمرجنسی کی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد دینے اور قیمتی جانوں کو بچانے کی اہمیت کو اجاگر کیا جانا ہے۔ آج کے دِن کے حوالے سے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی امداد سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ فرسٹ ایڈ سیکھنے کیلئے ہر فرد کو آگے آنا چاہیے۔ ہلالِ احمر نے ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں سکھانے کا مربوط پروگرام ملک بھر میں شروع کر رکھا ہے۔
پاکستان سمیت عالمی دنیا میں ابتدائی طبی امداد کا دِن آج منایا جا رہا ہے
Sep 11, 2021