لاہور(سپورٹس رپورٹر)بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کا تیسرا ایونٹ یونان میں کیٹرینی بیچ پر جمعہ کو شروع ہوا، 90 کلوگرام کی کیٹیگری میں شامل پاکستان کے انعام بٹ نے شاندار آغاز کیا۔ انعام نے پہلے میچ میں آذربائیجان کے ریسلر ابراہیم یوسوباو کو شکست دی اور دوسرے مقابلے میں لندن اولمپکس کے برانز میڈلسٹ جارجیا کے داتو مارساگشولی کو شکست دی۔90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں پاکستان کے زمان انور نے پہلے میچ میں ترکی کے ہدایت کرت کو چِت کیا جبکہ دوسری فائٹ میں آذربائیجان کے اویان نزاریانی کو مات دی۔دونوں نے 2، 2 فائٹس جیتنے کے بعد ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ کوارٹر فائنل مقابلے آج پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوں گے۔