لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے پہلے دن بارش آڑے آگئی ۔ کھلاڑی بارش کی وجہ سے ہوٹل تک محدود رہے ۔ کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ان ڈور پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ جم میں ورزش کی گئی ۔ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے ہوٹل میں ہی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے کھلاڑیوں کو بتایا ۔ کھلاڑی ملاقات میں بڑے پرجوش نظر آئے اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلا ف سیریز کے سلسلے میں شام ساڑھے چار بجے ٹریننگ کا آغاز کر نا تھا تاہم شدید بارش کے باعث ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا ۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ایک روزہ سکواڈ کی ٹیم ہوٹل میں ویلکم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے میٹنگ کی سربراہی کی،کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان سمیت تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف نے میٹنگ میں شرکت کی،میٹنگ میں قومی سکواڈ میں شامل نئے ارکان کو خوش آمدید کہا گیا ۔بارش کے باعث ٹریننگ سیشن منسوخ ہونے پر قومی کھلاڑیوں کا ٹیم ہوٹل میں موبیلیٹی سیشن ہوا ،محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور عثمان قادر نے سیشن میں شرکت کی ،شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر، خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے بھی سیشن میں حصہ لیا،سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن نے سیشن کی نگرانی کی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بلے باز ٹام بلینڈل نے کہا ہے کہ ہمارے سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا، سنا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جہاں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ پاکستان محدود طرز کی کرکٹ کی ایک بہت اچھی ٹیم ہے، ہوم ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی، یہ سیریز ہمارے لیے ایک اچھا تجربہ ثابت ہوگی۔ پاکستان نے ایک طویل عرصے اپنی ہوم کرکٹ بیرونِ ملک کھیلی جو بہت افسوس ناک تھا تاہم اب انہیں ایک مرتبہ پھر اپنے ہوم گراونڈ میں کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو بہت خوش آئند ہے۔ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم فی الحال خالی سٹیڈیمز میں میچز کھیل رہی ہے تاہم انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں وہ فینز کی موجودگی میں کرکٹ کھیلیں گے۔بلیئر ٹکنر کاکہنا ہے کہ تمام کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے پرجوش ہیں۔کوشش کریں گے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ایک روزہ سیریز میں جیت کا تسلسل پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی برقرار رکھیں۔ وہ پاکستان دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں مگر فی الحال انہیں بائیو سیکیور ببل میں رہنا پڑیگا جو کہ مایوس کن ہے۔ اگر اس سے نکلنے کا موقع ملا تو بہت خوشی ہوگی۔ڈگ بریسویل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کیلئے بہت پرجوش ہے۔ تمام لڑکے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے منتظرہیں۔ نیوزی لینڈ کا دورہ بنگلہ دیش زیادہ اچھا نہیں رہا مگر وہ پاکستان میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔