ملتان (سپیشل رپورٹر)ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ وکلاء جوڈیشری کی بہتری کے لیے جدوجہد اور قربانیاں دیتے رہے ہیں۔ موجودہ عدالتی نظام میں بہتری کی ضرورت ہے، ہائیکورٹ بار نے ایک بار پھر عدالتی نظام کی بہتری کے لئے بیڑہ اٹھایا ہے جس پر ملک بھر کی بارز نے خیر مقدم کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان وکلاء کنونشن اسلام آباد میں شرکت کے بعد کے حالات بارے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت جوڈیشری میں ججز کی طویل چھٹیاں بہت بڑا مسئلہ ہے، لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج نے اپنی موسم گرما کی چھٹیوں بار کی درخواست پر سرنڈر کردی تھیں۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان ملک سجاد حیدر میتلا، فنانس سیکرٹری مہر نواز نول، ایگزیکٹو باڈی کے ممبران ظہور احمد،احد گوندل، عمران محبوب، سید مجتبیٰ عثمان اور میڈم شمیم ہنجرا موجود تھے۔