بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 73ویں برسی

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 73ویں برسی آج انتہائی عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں کراچی میں قائد اعظم ؒ کے مزار پر قر آن خوانی اور فاتحہ خوانی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جبکہ مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔سندھ کے گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ساتھ آج صبح مزار قائد پر حاضری دی۔انہو ں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ قوم کیلئے آزادی کے حصول کے کچھ عرصہ بعد 11ستمبر 1948کو دار ِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

دو قومی نظریئے کی بنیاد پر جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کو الگ ملک دلوانے والے محسن، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی بدولت پاکستان دنیا کے نقشے پر آزاد ملک کی حیثیت سے اُبھرا، اُن کی سیاسی جدوجہد ملک کے سیاست دانوں کے لیے ایک مثال ہے۔ 

شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبالؒ نے قائد اعظمؒ کے کردار کو اس طرح اُجاگر کیا ہے کہ اِن جیسے لوگ نا تو خریدے جا سکتے ہیں نا ہی اِنہیں بدعنوانی پر آمادہ کیا جا سکتا ہے۔اپنی وفات سے پہلے قوم کے نام پیغام میں مستقبل کا راستہ، قائد اعظمؒ نے ان الفاظ میں بیان کیا کہ ’آپ کی مملکت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اب آپ کا فرض ہے کہ اس کی تعمیر کریں۔‘

بابائے قوم پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے لیکن بیماری کے سبب زندگی نے وفا نہ کی۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا انتقال11 ستمبر 1948ء کو کراچی میں ہوا تھا۔

ای پیپر دی نیشن