لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیاء کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔میچ شام سات بجے دبئی میں شروع ہوگا۔فائنل سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے آرام کیا، فائنل میں ایک روز کا وقفہ ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے کرکٹ کی سرگرمی نہیں رکھی،فائنل کیلئے پاکستان ٹیم میں کم از کم دو تبدیلوں کا امکان ہے، سری لنکا کیخلاف سپر فور کے میچ میں شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا تھا اور ان کی جگہ حسن علی اور عثمان قادر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا، فائنل میچ کیلئے شاداب خان اور نسیم شاہ کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہو گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کیلئے فخر زمان اور مڈل آرڈر کا تسلسل کیساتھ رنز نہ کرنا بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔