لاہور (خبر نگار) سپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے اور سلمان شہباز کے مزید 13 بنک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ خصوصی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔ عدالت میں ملزم سلمان شہباز کے اکاوئنٹس کو ڈی فریز کرنے کے لیے درخواست دی گئی۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سلمان شہباز کے اکائونٹس منجمد ہونے سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جا سکیں۔ تحریری حکم نامے میں سلیمان شہباز کے اکائونٹس منجمد کرنے کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولے گئے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے اکاونٹس منجمد کئے جائیں۔ سلمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولے گئے چنیوٹ پاور، شریف فیڈ اور یونی ٹاس سٹیل کے اکائونٹس بھی منجمد کئے جائیں۔ فاضل جج نے تحریری حکم میں کہا کہ بنکوں کو اشتہاری ملزموں کے اکائونٹس منجمد کرنے کا واضح حکم دیا تھا۔ حکم پر عملدآمد نہ کرنے کی صورت میں بنک افسروں کے خلاف شوکاز جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر کیوں نہ بنک افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے بنک افسران کو 17 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ خصوصی عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے شہباز شریف اور حمزہ کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرائے جبکہ اے ڈی سی آرچنیوٹ نے سلمان شہباز اور طاہر نقوی کی جائیدادوں کی قرقی کی رپورٹ پیش کی۔
منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی طلبی، سلمان کے 13 اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم
Sep 11, 2022