لاہور (نیوز رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ینگ ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ وزیراعلیٰ سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ملاقات کی اور صوبے میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ کے لیے مخلتف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں کے نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں چوہدری مونس الہٰی بھی شریک تھے۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ یقین ہے پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت کر وطن لوٹے گی۔ میری دعائیں اور نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ پنجاب میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ سپورٹس بالخصوص کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کے اقدامات کو سراہا۔ طاہر جاوید نے کہاکہ آپ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رکھا او رآپ کی سیاسی وانتظامی ٹیم بھی فیلڈ میں نظرآئی اور آپ کے ان ہی اقدامات کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی آئی۔ امریکہ میں بھی ہم تک آپ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دوروں اور متاثرین کی امداد کے حوالے سے اطلاعات ملتی رہی ہیں۔ پرویزالٰہی نے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کے لئے مفت سولر پمپس فراہم کرنے کے اعلان پر طاہر جاوید اور وفد کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ جب امریکی صدر جوبائیڈن سینیٹر تھے تو وہ ہماری رہائش گاہ ظہورالٰہی ہاؤس تشریف لائے جن کے ہمراہ سینیٹر جان کیری اور سینیٹر چک ہیگل بھی تھے۔ میری ان سے انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی اور امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔ خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ پرویز الٰہی سے طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ طاہر جاوید نے کہاکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن امداد کریں گے۔ مشکل کی گھڑی میں ہم سب متاثرین سیلاب کے ساتھ ہیں۔ پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے فوری اقدامات کئے ہیں۔ طاہر جاوید نے وزیراعلیٰ کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی۔ پرویز الٰہی نے کہاکہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کا مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے جذبہ قابل تعریف ہے۔ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امریکی امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں سیلاب سے اتنی بڑی تباہی کبھی نہیں آئی۔ میں نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
پاکستانی نژاد امریکیوں کی ملاقات ، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے : پرویزالٰہی
Sep 11, 2022