لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ اولیاءکرام کا پیغام دینی تعلیمات کی تبلیغ کے ساتھ ساتھ انسانیت کے احترام کی تلقین کرتا ہے۔ انسانیت کی خدمت اور ایثار و قربانی کا یہی پیغام حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات کا بنیادی جزو ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کے انسان حضرت داتا گنج بخشؒ کے علوم و فیوض اور تعلیمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے داتا دربار لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر انتظام سہ روزہ عالمی تصوف کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔ مشیرِ اطلاعات پنجاب نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی انتظامیہ کو عالمی تصوف کانفرنس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی، فرقہ پرستی، تفاوت اور انسان دشمنی کے اس دور میں انسان دوستی کے پرچار سے بہتر راستہ نہیں ہو سکتا۔ ایسے نامساعد حالات میں اس قسم کی کانفرنسز کے انعقاد کی زیادہ ضرورت ہے جن سے معاشرے میں رواداری، بھائی چارے اور امن و آشتی کو فروغ ملے۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاءکرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے۔
عمر چیمہ
انسانیت کی خدمت‘ ایثار قربانی کا پیغام داتا گنج بخشؒ کی بنیادی تعلیمات ہے: عمر چیمہ
Sep 11, 2022