واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 20 ملین ڈالر کی اضافی مالی امداد کے اعلان پر امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس اضافی امداد کے اعلان کے ساتھ امریکی امداد کا کل حجم 51.1 ملین ڈالر تک پہنچ گیاہے، سمانتھا پاور کے پاکستان کے دورے اور اضافی امداد کے اعلان پر سفیر پاکستان نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں آپ کی پاکستان میں موجودگی اور سیلاب زدگان کے لیے امداد بڑھانے پر پاکستانی عوام آپ کے شکرگزارہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ سمانتھا پاور ایک متحرک لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ انسانی ہمدردی کے مقاصد کی علمبردار رہی ہیں۔ یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھاپاور اس وقت پاکستان میں سیلاب کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینے، متاثرہ افراد سے ملنے اور مشکل وقت میں گھرے پاکستانی عوام کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے امریکی امداد کو بڑھانے کے حوالے سے ممکنات پر غور کرنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔پاکستان میں سیلابی آفت اور اسکی شدت کو دیکھنے کے بعد اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے سمانتھا پاور نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے کبھی سطح زمین پر اتنا سیلابی پانی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور مون سون کی بارشوں کی وجہ سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے،انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی ٹیم متاثرہ افراد کو خوراک، پناہ گاہ اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی کاوشوں میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ایک اور ٹویٹ میں سمانتھا پاور نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی شدت اور تباہی کو بیان کرنا بہت مشکل ہے۔اعدادوشمار کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 33 ملین جبکہ 1300 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں ایک تہائی حصہ بچوں پر مشتمل ہے۔