لاہور (کامرس رپورٹر ) چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو قائد کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہو گا اور اسی سے ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور ایوان اقبال کمپلیکس کے اشتراک سے ایوان اقبال کمپلیکس میں قائد اعظم کے یوم وفات کی مناسبت سے منعقدہ بین المکاتب قائد کوئز مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے دو قومی نظریہ کو بنیاد بنا کر ایک علیحدہ مملکت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور بالآخر وہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سول لائنز کالج لاہور پروفیسر اختر سندھو نے کہا کہ قائد اعظم جیسی شخصیت کی بنیادی خصوصیت قانون کا احترام اور انتھک محنت تھی اور یہ نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے کہ وہ اپنے ہیرو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شب و روز ملک کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی محنت جاری رکھیں۔ سابق اولمپیئن اور ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اختر رسول نے کہا کہ قائد ایک سچے رہنما تھے اور سچ کی وجہ سے ہی برصغیر کے مسلمانوں نے ان کا ساتھ دیا۔