سابق ایم این اے مجھ پر قاتلانہ حملے کے منصوبے بنا رہے ہیں:مامون جعفر تارڑ


حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)چیئرمین ٹیوٹا، پی ٹی آئی کے رُکن صوبائی اسمبلی میاں مامون جعفر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق ایم این اے سیاسی اختلافات کی رنجش کے پیش نظر مجھ پر قاتلانہ حملے کے منصوبے بنا رہے ہیں جوقابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار وہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کر رہے تھے۔اس موقع پر شعیب حیات تارڑ،فضل حسین تارڑ ایڈووکیٹ، اعجاز احمد تارڑ، محمد نوید لنگاہ ایڈووکیٹ ودیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مامون جعفر تارڑ نے کہا میرے اوپر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو سابق رُکن قومی اسمبلی نے اپنے ڈیرہ پر پناہ دے رکھی ہے۔اگر سیاسی رنجش پر قتل کرواکر اپنے راستے صاف کروائے جائیں تو یہ کسی بھی صورت مناسب نہیں، میں عوام کی خدمت کو اپنا منشور سمجھ کر نبھاتا رہوں گا اور کوئی ڈر یا خوف آڑے نہیں آنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں سابق ایم این اے کو چیلنج کرتا ہوں کو دونوں بندے پولیس کے حوالے کریں۔ اگر پولیس کی تفتیش کے دوران قاتلانہ حملہ کی بات ثابت نہ ہوئی تو وہ خودسابق ایم این اے سے معذرت کریں گے اور قاتلانہ حملہ کی سازش ثابت ہو گئی تو قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حافظ آباد کو کنجاہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سے ملانے کے لیے براستہ علی پور چٹھہ روڈ منظور ہو گئی ہے اور بہت جلد اس کے ٹینڈرز کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔  ان کا کہنا تھا کہ اس سڑک کے تعمیر ہوجانے کے بعد حافظ آباد سے گجرات ڈویژن کا فاصلہ 53کلو میٹر رہ جائے گا جب کہ حافظ آباد سے گوجرانوالہ ہیڈ کوارٹر کا فاصلہ 58کلو میٹر بنتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن