بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74 واں یومِ وفات

Sep 11, 2022 | 12:19

ویب ڈیسک
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74 واں یومِ وفات
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74 واں یومِ وفات

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 74واں یوم وفات آج اتوار 11 ستمبر کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاﺅں سے کیا گیا .جس میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔

واضح رہے کہ آج اس عظیم شخصیت کا یوم وفات ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص، ایک الگ پہچان، ایک آزاد وطن کا تحفہ دیا۔

محمد علی جناح کو 1937 میں مولانا مظہرالدین نے “قائداعظم” کا لقب دیا، ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان ہند نے الگ وطن “پاکستان” حاصل کیا اور انگریزوں کے تسلط سے چھٹکارا پایا۔قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں، سیاسی بصیرت، فہم و فراست، دن رات کی لگن، انتھک محنت، غیر متزلزل عزم اور اللہ کے فضل و کرم سے 14 اگست 1947ء کو پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی پہچان بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔باب الاسلام سندھ کے مشہور شہر کراچی میں 25 دسمبر 1876ء کو پونجا جناح کے ہاں آنکھ کھولنے والے محمد علی نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی میں ہی حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان ممبئی سے پاس کیا اور قانون کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلستان روانہ ہو گئے۔لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کر کے ہندوستان واپس آئے اور وکالت کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے میں 1896ء انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی جماعت ہے اور اس کی مسلمانوں سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔مسلمانوں کو آزادی جیسی انمول نعمت دینے والے قائد اعظم محمد علی جناح کی صحت ناساز رہنے لگی اور پاکستان کے قیام کے قریباً 1 سال بعد ہی 11ستمبر 1948ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

قائداعظم کی محنت اور مسلمانوں کی قربانیوں کے صلے میں ملنے والا یہ ملک ہمیں سدا اپنے عظیم قائد کا عظیم احسان یاد دلاتا رہے گا۔سن 1947ء میں 14 اگست کے روز مسلمانوں کو ایک آزاد وطن دینے کے بعد بابائے قوم زیادہ عرصے تک پاکستان کا ساتھ نہ دے سکے اور 11 ستمبر 1948ء میں ہی خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
آج بابائے قوم کی 73ویں برسی کے موقعے پر اسلام آباد اور کراچی سمیت پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں اہم تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں قائدِ اعظم کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔ 

مزیدخبریں