لاہور (این این آئی) بریڈ (ڈبل روٹی ) سمیت مختلف بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں 5سے 20روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ حکومتی کارروائیوں کے نتیجے میں چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق بیکری کی مصنوعات بنانے والی مختلف کمپنیوں نے قیمتو ں میں اضافہ کر دیا ہے جس کے مطابق 349گرام بریڈ کی قیمت 10روپے اضافے سے 120روپے، 500گرام بریڈ کی قیمت 150سے بڑھ کر 160روپے، 800گرام بریڈ کی قیمت 220 سے بڑھ کر 230روپے، بن 5روپے اضافے سے 50روپے، 175گرام فروٹ کیک کی قیمت 20روپے اضافے سے 200روپے، 100گرام فروٹ کیک کی قیمت 10روپے اضافے سے 100روپے، باقر خانی کا ڈبل پیک (2عدد) 10روپے اضافے سے90روپے، رس کا بڑا پیکٹ جو 250روپے میں فروخت ہو رہا تھا اس کی قیمت 20روپے اضافے سے 270روپے جبکہ چھوٹا پیکٹ 10روپے اضافے سے 130سے بڑھ کر 140روپے، سٹینڈرڈ سائز کیک (کشتی کیک) کی قیمت 5روپے اضافے سے 35روپے جبکہ چار عدد برگر کے پیکٹ کی قیمت 10روپے اضافے سے 120روپے مقرر کر دی گئی۔ قیمتوں کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے اور ہول سیل قیمت 10روپے کم ہو گئی۔ چند روز قبل تک چینی کا جو پچاس کلو بیگ 8800روپے میں فروخت ہو رہا تھا اب اس کی قیمت میں 500روپے کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد ہول سیل قیمت 166روپے کلو تک آ گئی ہے، مختلف علاقوں میں پرچون سطح پر چینی کی 175 سے 180روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔
بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں 20روپے تک اضافہ، چینی کے نرخ کم ہونے لگے
Sep 11, 2023