آپریشن جاری: بجلی چوری پر سینکڑوں کنکشن منقطع، جرمانے: 361کرنسی سمگلرز گرفتار، ہنڈی پر 250مقدمے

لاہور + اسلام آباد+ پشاور (نیوز رپورٹر+این این آئی) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں بڑے پیمانے پر ایس ڈی او سے لیکر چیف انجینئرز تک کئی افسروں کے تبادلے کر دیے گئے۔آئیسکو ترجمان کے مطابق دو چیف انجینئرز، 11 سپرٹنڈنٹ انجینئرز، 52 ایکسینز 171 ایس ڈی اوز، 6 ڈی سی ایم، اور 5 ریونیو افسران سمیت 258 افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ خیبر پی کے 400 کنکشن کاٹ دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 319 بجلی چوروں پر مقدمات درج کیے گئے۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں 500 سے زائد کنکشن کاٹ دیے گئے۔ایف آئی اے کا کرنسی ایکسچینج کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں سمیت ہنڈی حوالہ اور ڈالر ذخیرہ کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔ 361 کرنسی سمگلرز گرفتار جبکہ حوالہ ہنڈی میں ملوث 250 مقدمے درج کر لیے گئے۔ بلوچستان حکومت نے انسداد بجلی چوری مہم میں کیسکو کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی اور ڈویژنل سطح پر ٹاسک فورس قائم کر دی گئیں۔ بجلی چوری مہم کی نگرانی کریں گے۔ بلوچستان میں بجلی چوری پر 387 افراد کیخلاف تھانوں کو درخواستیں دی گئیں۔ 35 کیخلاف ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ خضدار‘ سبی‘ مکران‘ لورالائی اور پشین میں بھی متعدد غیرقانونی کنکشن منقطع کئے گئے ہیں۔ نادہندگان سے مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے سے زائد وصول کئے ہیں۔ راجن پور میں اہل علاقہ نے واپڈا ٹیم کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس کے مطابق واپڈا ٹیم بجلی چوری پر بستی کا ٹرانسفارمر اتار کر لے جا رہی تھی۔ دیر کے ایک گھر پر چھاپہ مار کارراوئی میں گھر سے 800 سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کر لی گئیں۔ مقدمہ درج کر لیا۔ بٹ خیلہ کے سخاکوٹ بازار میں چینی کی 33113 بوریاں برآمد کر لی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر شہاب خان کے مطابق کارروائی میں کھاد کی 2500 بوریاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ آٹھ ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ بنوں میں گوداموں سے 5 ہزار سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کر لی گئیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں چوتھے روز بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہیں۔ لیسکو اعلامیہ کے مطابق لاہور کے پانچ سرکلز سمیت اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران 248 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔247 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے126 رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 3 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 1 انڈسٹریل،3 زرعی،7کمرشل اور 237 ڈومیسٹک تھے۔ 25771484 دو کروڑ ستاون لاکھ اکہتر ہزارچار سو چوراسی روپے چارج کئے گئے۔ انڈسٹری اور فیکٹریاں بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں محمد حیات ڈوگر نامی زرعی صارف ‘ اوکاڑہ میں محمد منیر نامی زرعی صارف‘ لاہور میں محمد اشفاق نامی گھریلو صارف‘ شیخوپورہ میں عبدالرشید نامی زرعی صارف‘ لاہور میں گھریلو صارف محمد رمضان‘ ذاکر حسین‘ ساجد منیر ‘ محمد شفیق‘ بشیر احمد ڈیٹیکشن بل کی مد میں چارج کیا گیا۔ 19 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ حوالہ ہنڈی کے خلاف کے پی کے میں انٹیلی جنس ادارے کی مدد سے 26 لاکھ ڈالر ضبط کر لئے۔ متعدد گرفتار‘ ڈی جی خان میں کارروائی کر کے ایک لاکھ سعودی ریال سمگل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم رقم بلوچستان کے راستے افغانستان سمگل کرنا چاہتا تھا۔ راولپنڈی ڈویژن میں چھاپے مارے گئے۔ چینی کے گودام سیل کر دیئے گئے۔ ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کر لی گئی۔ انتظامیہ نے تلہ گنگ میں حق ٹریڈرز پر چھاپہ مار کر ایک لاکھ 74 ہزار 550 کلو چینی برآمد کر لی۔ بنجرا تلہ گنگ میں گودام پر چھاپہ مار کر 50 ہزار کلو گرام چینی برآمد کر لی گئی۔ لاوہ گودام سے 25 ہزار‘ پنجند گودام سے 15 ہزار کلو چینی برآمد کر لی گئی۔

ای پیپر دی نیشن