مذاکرات کامیاب ملز مالکان پنجاب حکومت کو 140روپے کلو چینی فروخت کرینگے: فائدہ عوام کو ہوگا، محسن نقوی

Sep 11, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر،نوائے وقت رپورٹ)پنجاب حکومت اورشوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت پر مسلسل تین روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔اس ضمن میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے شوگر ملز مالکان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں طے پایا کہ شوگر ملز مالکان پنجاب حکومت کو 140روپے فی کلو چینی فروخت کریں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی سینٹرز،ماڈل بازاروں اوراتوار بازاروں میں خصوصی سٹالز پر چینی فروخت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔چینی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو ہوگا۔ ملاقات میں کرشنگ سیزن28اکتوبر سے شروع کرنے پر اتفاق کیاگیا۔شوگر ملزمالکان کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اورپنجاب میں ضرورت سے زیادہ چینی موجود ہے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلی محسن نقوی سے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدور نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،جس میں پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کےلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صنعتوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کیلئے 6بڑے چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹریزسے سفارشات پیش کریں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹریز کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے۔نئی انڈسٹری لگانے اور پرانی انڈسٹری کو چلانے کیلئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔وزیراعلی محسن نقوی کو چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریزکے صدور نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انورنے کہا کہ وزیراعلی محسن نقوی نے کام کرکے ثابت کر دیا کہ نیت نیک ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔صدر ملتان چیمبرمیاں راشد اقبال نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعلی محسن نقوی سے وابستہ تاجروں کی توقعات پوری ہوں گی۔ صدرفیصل آباد چیمبر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس کے ساتھ مشاورت قابل تحسین عمل ہے اوراس مشاورتی عمل سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔صدر گوجرانوالہ چیمبرضیاءالحق نے کہا کہ بے نظیر چوک تا واہنڈو انٹر چینج موٹر وے لنک روڈ بنانے پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔ صدرسیالکوٹ چیمبرعبدالغفور ملک نے کہا کہ سیالکوٹ میں وزیراعلی کی آمد کے بعد ہسپتال اور دیگر اداروں کی کارکردگی میں بہتری نظر آنا شروع ہو چکی ہے۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے مسلم ہینڈز پاکستان کے 6 رکنی وفد نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔مسلم ہینڈز پاکستان کے چیئرمین سید لخت حسنین نے فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلم ہینڈز پاکستان پنجاب میں 117 سکول چلا رہی ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہیلتھ اور ایجوکیشن کے ویلفیئر پراجیکٹس چلائے جا رہے ہیں،اسی طرح نوجوانوں کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرنے کے لئے مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی سکلز کا اہتمام کیا گیا ہے - پنجاب میں 18 سکول آف ایکسی لینس اور 35 ماڈل سکول چلائے جا رہے ہیں۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔جبکہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کا25واں اجلاس آج ملتان میں طلب کر لیا۔اجلاس جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سہ پہر منعقد ہوگا۔اجلاس میں صوبے سے متعلقہ اہم امور اور مختلف محکموں کے ایجنڈے پر غورکیاجائے گا۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے منصوبے کا دورہ بھی کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پہلے ہی روز پراجیکٹ پرتعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ کے بارے میں کمشنر لاہور ڈویڑن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان اور روٹ سے آگاہ رکھا جائے۔کمشنر لاہورڈویڑن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ خالد بٹ چوک پر دو رویہ، دولین پر مشتمل انڈرپاس تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 

مزیدخبریں