اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ چینی، گندم اور ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔48 ریڈ کر کے ان میں 59 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ ان عناصر کی وجہ سے ملک معاشی طور پر بلیڈ کر رہا ہے، چینی، گندم اور ڈالر کی سمگلنگ حوالہ‘ ہنڈی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی نشاندہی کرنے والے شہریوں کو نقد انعام دیں گے۔ جنہوں نے ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے فوری ختم کر دیں ورنہ انٹیلی جنس اداروں کے ذریعے ان کو بے نقاب کریں گے۔ ان عناصر کے خلاف مقدمے چلائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وفاقی وزیر اطلات و نشریات مرتضی سولنگی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ افغان ٹریڈ کی آڑ میں بھی سمگلنگ ہورہی تھی۔ میڈیا سٹیٹ کا اہم ستون ہے، آج ہمیں آپ کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو سمگلنگ، امن و امان اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا سامنا ہے، ہم نے مل کر آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔ گوکہ اس وقت دہشت گردی کی ایک تھوڑی سی لہر آئی ہے لیکن وہ ہمارے لئے بڑی چیز نہیں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چاہے سمگلنگ اور ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں چاہے کوئی جتنا بڑا سرکش ہو ہم کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ سینیٹر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ہم نے جو گرفتار کئے ہیں ان کے مقدمے عدالتوں میں لے کر جائیں گے۔ ان کے نام معہ تصاویر شواہد کے ساتھ میڈیا میں شیئر کریں گے تاکہ معاشرے کو پتہ ہو کہ معاشرے کے کون ناسور ہیں تاکہ ان کے خلاف معاشرے میں آگاہی ہو میں ان کو بڑا دہشت گرد سمجھتا ہوں۔ ان لوگوں کی وجہ سے جو ہمارے اندر سے ہیں ہماری اکانومی کی یہ بری حالت ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے چترال کی صورتحال پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ہماری ایک ایک انچ کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ایک ایک انچ ہم ہولڈ کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف ہماری پاک فوج کا چترال کے عوام نے ساتھ دے کر بیمثال کام کیا ہے۔ بندوق اور دہشت کے زور پر کسی کا ایجنڈہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان میں بھی اب کسی غیر قانونی کو نہیں رہنے دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مارکیٹ میں آٹا اور چینی کی قلت پیدا کر کے من مرضی کا منافع کمانا چاہتے ہیں لیکن حکومت ایسے عناصر کو معاف نہیں کرے گی، ہر ہفتے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں اغوا ہونے والے فٹبال کے کھلاڑیوں کی بحفاظت بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور دنیا کے کسی ملک نے اسے بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن ہمسائیگی اور پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ پرامن تعلقات کے لیے بھارت کو ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ان کی آمدکی تاریخوں کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہ دورہ پاکستان کے لئے معاشی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم ہے‘ اس دورے کے دوران متعدد ڈیلز فائنل ہونے کی امید ہے‘ ہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے جو کہ قوم کے لئے بہت اچھی خبر ہے۔
بڑی کامیابیاں ملیں ، چینی، ڈالر کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف آخری حد تک جائیں گے: وفاقی وزرا
Sep 11, 2023