اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 75واں یوم وفات آج منایا جا ئیگا۔ملک بھر میںتقریبات کا اہتمام کیا جائے گاجس سے خطاب کے دوران سیاسی و سماجی شخصیات بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔قائد اعظم کی جدوجہد ناصرف ایک اکثریت کی اقلیتوں کے حقوق کو عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی بلکہ مسلمانوں کی ایک علیحدہ قوم کے طور پر معاشی، معاشرتی، سیاسی، تہذیبی پہچان اور ایک منفرد طرزِ زندگی کو بحال کرنے اور اس حوالے سے ان کو اقوامِ عالم میں ایک نمایاں مقام دلوانے کیلئے تھی۔ قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی قائداعظم کی سیاسی سوچ اور فلسفے پر عمل پیرا ہے، قائداعظم کا جمہوریت دوست نظریہ ، رواداری پسند سوچ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا ویژن قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔
بابائے قوم قائداعظم کا یوم وفات آج، وزیراعظم کا خراج عقیدت
Sep 11, 2023