لاہور( خصوصی مامہ نگار) جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ قوم کی برداشت سے باہر ہو چکا۔ حکمران عوام کو ریلیف دیں ان پر ظلم کے پہاڑ نہ توڑیںاور قوم کو سودی نظام سے نجات دلائیں تاکہ آئی ایم ایف سے نجات مل سکے۔گذشتہ روز جماعتی ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دن بدن مہنگائی کے عذاب میں اضافہ کرکے لوگوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ بجلی گیس اور روز مرہ کی اشیاءعوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کرتے ہوئے حکمران آندھے ہو جاتے ہیں کہ اس ملک کی آبادی میں غریبوں اور کم آمدنی والے طبقے کی اکثریت ہے۔ ان کا خیال حکمرانوں کے دلوں سے نکل جاتا ہے اور آئے روز ٹیکسوں کی آڑ میں مہنگائی کے پہاڑ غریب اور بے کس عوام پر گرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی پٹرول اور گیس کے بلوں میں فوری ریلیف کا اعلان کرے وگرنہ عوام حکمرانوں کے گریبان سے پکڑ کر نکال باہر کرے گی۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ قوم کی برداشت سے باہر ہو چکا:عبدالوحید شاہد روپڑی
Sep 11, 2023