لاہور ( خصوصی نامہ نگار) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ سعودی عرب کی طرح کرپشن سے لوٹا گیا مال برآمد کیا جائے اور مال واپس نہ ملنے تک رہائی ناممکن ہو۔ اس سلسلے میں نیب‘ عدلیہ اور دیگر ادارے بھی فعال کردار ادا کریں تو یقینی طور پر پاکستان کے اچھے دن شروع ہوجائیں گے اور معیشت تیزی سے سنبھلنے کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری ریلیف ممکن ہوگا۔ شہزادہ سلمان نے اپنی فیملی کے افراد کو بھی ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بند کرکے لوٹی گئی دولت کی واپسی تک رہائی ناممکن بنائی جس سے سعودی عرب کو تمام لوٹی گئی دولت چند ماہ میں واپس ملی اور آج عالمی اداروں کی رپورٹ ہے کہ سعودی عرب کی معیشت دنیا بھر میں تیز ترین ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ کرپشن کی روک تھام اور سخت سزاو¿ں کا تعین پارلیمنٹ کی ذمہ داری تھی اور کرپشن پر سزائے موت کا قانون نہ بناکر ملک و عوام سے غداری کی گئی۔ پاکستان میں لوٹ مار کرنے والوں کو منوڑہ جیسے جزیرے میں بند کریں اور سرعام چوکوں پر لٹکایا جانا چاہئے۔ جب تک پاکستان میں کرپشن و لوٹ مار کرنے والوں کے ساتھ یہ سلوک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کرسکتی اور عوام کے حالات مزید خراب تر ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے سٹیٹ بنک سے بھی مطالبہ کیا کہ قیام پاکستان سے اب تک قرضے معاف کرانیوالوں کی فہرستیں شائع کی جائیں اور ان سے تمام رقم ہر صورت وصول کی جائے۔
سعودی عرب کی طرح کرپشن سے لوٹا گیا مال برآمد کیا جائے :رحمت خان وردگ
Sep 11, 2023