قالینوں کی عالمی نمائش،امریکہ، برطانیہ سمیت 25 ممالک کے پاکستان سے رابطے

 لاہور ( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ امریکہ ، برطانیہ، ہنگری ، ترکی سمیت 25ممالک کے خریدار وںنے آئندہ ماہ پاکستان میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے رابطے کئے ہیں جن میں سے ابتدائی طو رپر80غیر ملکیوں کوفہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے مالی معاونت کی بروقت پیشرفت سے عالمی نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریوں میں بڑی مدد ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں 39ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، شاہد حسن شیخ،سعید خان ، عمیر عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کے روایتی خریداروں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر روایتی ممالک سے بھی خریدارپاکستان میں منعقدہ عالمی نمائش میں شرکت کے خواہشمند ہیں۔ اب تک مجموعی طورپر25ممالک کے خریداروں کی جانب سے نمائش میں شرکت کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اورجانچ پڑتال کے بعد80غیر ملکی خریداروں کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔ٹڈیب اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جلد حتمی فہرست مرتب کر لی جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ عالمی نمائش میں شرکت کیلئے آنے والے مختلف ممالک کے خریداروں سے روابط کو مضبوط کیا جائے جس کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ قوی امید ہے کہ عالمی نمائش میں بڑے پیمانے پر سودے ہوں گے جس سے نہ صرف ہماری انڈسٹری کو تقویت ملے گی بلکہ پاکستان کوبھی قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا۔ ہماری درخواست ہے کہ سٹیٹ بنک سمیت دیگر حکومتی ادارے برآمدات کی راہ میں حائل سرخ فیتے کو ختم کریں تاکہ ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ لانے کا انتظام کیا جا سکے جس سے ہماری معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔ حکومت سے اپیل ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈالر کے اتار چڑھاﺅ کو روک کر اسے ایک سطح پر مستحکم رکھا جائے تاکہ برآمد کنندگان غیر ملکی معاہدے کرتے ہوئے ہچکچاہٹ کا شکار نہ ہوں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...