شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی چوہدری صفدر علی گجر کی زیر قیادت ان کی رہائشگاہ پر پارٹی رہنماﺅں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق ضلعی صدر خان محمد آصف خان، ضلعی نائب صدر چوہدری اظہر محمود ورک، چوہدری عمران صفدر گجر ایڈووکیٹ و دیگر رہنماﺅں و سینئر پارٹی کارکنان نے شرکت کی، اجلاس میں پارٹی سرگرمیوں اور انتخابات کی تیاریوں پر غور و خوض کرنے سمیت بانی پیپلز پارٹی بھٹو شہید کے سیاسی فلسفہ و جمہوری نظریہ کو فروغ دینے کی خاطر بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری صفدر علی گجر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا جو شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن اور پاکستان کی اساس ہے جمہوری اقدار کے فروغ کا سہرا بھی بھٹو شہید کے سر ہے جنہوں نے پھانسی کا پھندہ تو پہن لیا مگر آمرانہ قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جمہوریت کو دوام دینے کی خاطر پیپلز پارٹی کا کردار کلیدی اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جنہیں فرامووش نہیں کیا جاسکتا ، انہوں نے کہا کہ قومی امنگوں کی ترجمان پیپلز پارٹی بھٹو شہید کے نظریہ کی روشنی میں جمہوری اقدار کے فروغ آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے برسر پیکار ہے اور اس کاز کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے جذبہ سے سرشار ہے ہم مسائل زدہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ریلیف کی فراہمی کی خاطر ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔
شیخوپورہ:چوہدری صفدر علی گجر کی زیر قیادت پارٹی رہنماﺅں کا اجلاس
Sep 11, 2023