لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا کہ ہمارے فاسٹ باﺅلرز کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے،مجھے ڈر ہے کہیں نظر ہی نہ لگ جائے۔ پاکستان بھارت میچ پر سب کی نظریں ہوتی ہیں، باقی میچز سے پاکستان بھارت میچ کا تھوڑا فرق ہوتا ہے، سب کھلاڑی انجوائے کرتے ہیں، اس میچ میں سٹار بننے کا موقع ہوتا ہے، آپ اچھا کریں یا جتوا دیا تو یہ سب کو یاد رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اچھا ہے کہ ہم بھارت سے ایک دو میچز یہاں کھیل لیں، ہمیں بھارت کی باﺅلنگ کا اندازہ ہو جائے گا اور کمزوریوں اور ان کے مضبوط پوائنٹس کا پتہ چل جائے گا۔ امام الحق نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پہلے میچ سے متعلق کہا کہ کینڈی میں ہم نے ایک اچھے ٹوٹل میں بھارت کو محدود کر لیا تھا، کھلاڑی ہمارے فارم میں تھے، ہم ٹوٹل حاصل کرنے کی امید کر رہے تھے۔ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں بابر اعظم سے میری کیمسٹری ملتی ہے، ان کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ رہی ہیں، بیٹنگ کے دوران ہم دونوں آپس میں گفتگو کرتے ہیں ایک دوسرے کو سمجھاتے ہیں۔ قومی بیٹر نے کہا کہ ہمارے فاسٹ باﺅلر کے بارے میں کم بات ہونی چاہیے مجھے ڈر ہے کہیں نظر ہی نہ لگ جائے، میں باﺅلرز کو کہتا رہتا ہوں کہ اگلے دو ماہ ایسے ہی کرتے رہو ہم سب کی زندگی تبدیل ہو سکتی ہے، ہمارے فاسٹ باﺅلرز ایسے ہیں جن کے خلاف تمام ٹیمیں پلان بنا کر آتی ہیں۔ امام نے کہا کہ ہم اکثر سوچتے ہیں کہ انہیں ہمیں نیٹ پر کھیلنا پڑتا ہے میچ میں نہیں، ہمیں اپنے فاسٹ باﺅلرز کی وجہ سے حوصلہ ملتا ہے اور ہم پازیٹو رہتے ہیں۔