شیخوپورہ+فےروزوالا (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر تعلیم مسلم لیگ نواز کے مرکزی نائب صدر رانا تنویر حسین نے آڈیو لیکس کمشن کیس میں ججز پر اعتراض کی حکومتی درخواست مسترد ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر بندیال کا فیصلہ نظام انصاف پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ چیف جسٹس قوم کو بتائیں کہ اس یک طرفہ فیصلے سے کس کو ریلیف دیا۔ آئین و قانون پر عمل درآمد کا درس دینے والوں نے ججز اعتراض پر حکومتی درخواست کو مسترد کر کے خود کو آئین اور قانون سے بالاتر ہونے کا ثبوت دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ نواز کے صدر حلقہ پی پی 138,چوہدری محمود اختر گورائیہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے سنیئر رہنما و امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حاجی طارق محمود ڈوگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مواخذہ ہو جاتا تو آج پاکستان میں آئینی جمہوری بحران جنم نہ لیتے ثاقب نثار کا دور تاریخ میں سیاہ ترین دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ثاقب نثار نے ڈیمز کی مد میں کروڑوں روپے اکٹھا کئے اور ملک سے باہر چلے گئے کسی نے اس کو نہیں پوچھا‘ مسلم لیگ نواز انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ مریم نواز رواں ماہ سندھ کا دورہ کریں گی اور سندھ کی اہم شخصیات مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کریں گے۔ پاکستان کا خوشحال سیاسی مستقبل مسلم لیگ نواز سے وابستہ ہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا ۔
ثاقب نثار کا مواخذہ ہوتا تو ملک میں بحران جنم نہ لیتے: رانا تنویر حسین
Sep 11, 2023