لنڈی کوتل (این این آئی)پاک افغان طورخم سرحدی گزرگاہ پانچویں روز بھی ہر قسم آمدورفت کے لئے بندرہی ،پاک افغان بارڈر طورخم زیرو پوائنٹ پر پاکستان اور افغانستان حکام کے درمیان مذاکراتی میٹنگ ہوئی، بارڈر کھولنے کا فیصلہ وفاق سے مشروط کیا گیا، دونوں ممالک نے امن کی فضا قائم کرنے پر زور دیا ، دونوں ممالک کے کے وفود نے اپنے اپنے تحفظات و مطالبات ایک دوسرے کے سامنے رکھ دیئے، پاکستان نے بارڈر وفاقی حکومت کی اجازت سے مشروط کیا کہ ہم نے ان مطالبات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا ہے اب ان کے فیصلے کے عین مطابق گیٹ کھولا جائےگا۔ طورخم بارڈر پر پاک افغان حکام کے درمیان طورخم بارڈر کے کھولنے اور افغان سائڈ چیک پوسٹ کے تعمیر سے پیش انے والے واقعہ و دیگر امور پر بات چیت ہوئی ۔افغان حکام نے طورخم بارڈر پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھولنے کا استدعا کی جس پر پاکستان حکام نے یہ فیصلہ وفاق سے مشروط بتایا اور کہا کہ ہم آپ کے اس مسئلے پر وفاق سے بات چیت کرکے ان کے فیصلے کے رو سے گیٹ کھول دینگے۔ علاوہ ازیں سیکورٹی ذرائع کے مطابق طورخم سرحد کی دونوں جانب ہزاروں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ تازہ پھل اور سبزیوں سے لدی گاڑیوں کو بارڈر پار کرنے کی اجازت دی جائے۔