روات : پانچ ڈاکوﺅں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،تین ڈاکو ہلاک، کانسٹیبل شہید

Sep 11, 2023

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ روات کے علاقہ میں نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں پانچ مبینہ ڈاکوﺅں نے پولیس ریڈنگ پارٹی پر فائرنگ کر دی اس دوران پولیس مقابلے میں تین مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل شہید اور دو زخمی ہوگئے ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا پولیس نے ناکہ بندیاں کرلیں ہلاک مبینہ ڈاکوﺅں کی نعشیں پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیں تفصیلات کے مطابق تھانہ دھمیال کی ریڈنگ پارٹی نے رات گئے بحریہ فیز 8 میں ڈاکوﺅں کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچی اور تھانہ روات کی چوکی بحریہ ٹان کی ٹیم بھی ساتھ لی پولیس کے مطابق جیسے ہی ریڈنگ ٹیم فیز 8 میں ملزموں کی گرفتاری کیلئے پہنچی تو پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی فائرنگ سے تھانہ دھمیال کی ٹیم میں شامل کانسٹیبل عدیل ظفر شہید ہوگئے جبکہ دوکانسٹیبلان عاشر اور عادل زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو ڈاکو فرار ہوگئے پولیس نے بتایا کہ کہ ہلاک شدگان سے ایسی کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی جس سے ناموں کا پتہ چل سکتا تاہم ہلاک ڈاکوں کی شناخت کی جا رہی ہے پولیس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئےآر پی او سید خرم علی، سی پی او سید خالد ہمدانی ہسپتال پہنچے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ایس ایس پی آپریشنز فیصل سلیم اور ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے پولیس حکام نے متعلقہ افسران کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ کانسٹیبل عدیل ظفر شہید اور کانسٹیبل عاشر اور عادل نے ہمت و بہادری سے لڑتے ہوئے ڈاکوں کا مقابلہ کیا شہدا اور غازی ہمارے محسن اور ہمارا فخر ہیں سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عدیل ظفر نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،دریں اثناءکانسٹیبل عدیل ظفر شہید کی سرکاری اعزاز کے ساتھ رتہ امرال میں تدفین کر دی گئی،ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص خان،ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھرسمیت دیگر افسران نے شہید کی لحد پرحاضری دی،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص خان اور ایس پی صدمحمد نبیل کھوکھر نے شہید کی لحد پر پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی،سینئر افسران نے شہید کانسٹیبل کے لواحقین سے ملاقات کی۔

مزیدخبریں