ڈرامیٹک ایکٹ میں ترامیم تک تھیٹر میں ڈرامہ نہیں ہو گا: عامر میر

Sep 11, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا سٹیج تھیٹرز میں ہونے والے فحش اور بیہودہ مجروں کے خلاف ایکشن اب اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد بیدیاں روڈ لاہور پر واقع شالیمار تھیٹر دوبارہ سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے باوجود شالیمار تھیٹر میں مجرے جاری تھے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر لاہور کینٹ نے فوری کارروائی کے بعد تھیٹر سیل کر دیا۔ پنجاب بھر کے تمام تھیٹر مالکان کو وارننگ لیٹرز جاری کر دیے گے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کونسل آف آرٹس کی جانب سے تمام سٹیج ڈراموں کے سکرپٹس کی منسوخی کے بعد اب ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈرامیٹک ایکٹ 1876ءمیں ترامیم کی منظوری تک کسی تھیٹر میں کوئی ڈرامہ نہیں دکھایا جائے گا۔ تھیٹرز میں ڈراموں کی نمائش کے لیے پہلے سکرپٹ کی منظوری لازمی شرط ہوگی۔ ڈرامے کی نمائش سے قبل اس کی فل ڈریس ریہرسل کروائی جائے گی جسے خود حکومتی نمائندگان کلئیر کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ سکرپٹ اور تھیٹر میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں