شکاگو (این این آئی)قونصل جنرل طارق کریم نے امریکی رکن کانگریس بریڈ شنائیڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم نے امریکی کانگریس مین بریڈ شنائیڈر سے کانگریس مین کے الینوائے آفس میں ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں پاک امریکہ شراکت داری کو وسعت دینے کے طریقے تلاش کیے گئے۔ کانگریس مین شنائیڈر ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ملاقات کے دوران، انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور متحرک پاکستانی امریکی کمیونٹی کے کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔قونصل جنرل طارق کریم نے رکن کانگریس کو امریکہ کے وسط مغربی خطے کے ساتھ پاکستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور تجارتی شراکت داری اور عوام سے عوام کے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ ترجیحات پر اپنی مصروفیات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔