اتوار کے روز ایشیا کپ ون ڈے میں ہونے والا بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا جو آج وہیں سے شروع کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق کولمبو میں کرکٹ کے لیے حالات اب بھی سازگار نہیں، کل رات سے مسلسل بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے اور آج صبح سویرے شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔کولمبو میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اس کے علاوہ آج سارا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سہ پہر کے اوقات میں زیادہ تیز بارش کے امکانات ہیں جس وجہ سے پاک بھارت میچ آج بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔اگر ہم آج کولمبو کا فورکاسٹ دیکھیں تو سارا دن 80 سے 90 فیصد تک بارش کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، ریزرو ڈے پر آج وہیں سے کھیل شروع ہو گا جہاں کل ختم ہوا تھا۔بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالیے تھے جب کہ کریز پر کے ایل راہول اور ویرات کوہلی موجود تھے۔