وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے جی ٹوئنٹی ممالک پر زور دیا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی مفادات دیکھنے کے بجائے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم لوگوں کے قتل عام کو دیکھنا چاہیے۔مشعال ملک نے اپنے ایک بیان میں جی 20 رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں، اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ریاستی دہشتگردی کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔مشعال ملک نے مزید کہا کہ یاسین ملک سمیت انسانی حقوق کے کئی کارکن اور صحافی جعلی مقدمات میں بھارتی حراست میں ہیں، جی 20 ممالک بھارتی حکومت پر کشمیریوں کو رہا کرنے کیلئے دباؤ ڈالیں۔ان کا کہنا تھا کہ جی 20 ممالک بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کریں اور مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل یقینی بنایا جائے۔