نوزائیدہ بیٹے کیلئے تحفہ دینے پر بھارتی بولر بمراہ نے شاہین کے نام پیغام جاری کردیا

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے پاکستانی اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے نومولود بیٹے کے لیے تحفہ دینے پر سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

اتوار کی شب ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے دوران شاہین نے جسپریت بمراہ سے ملاقات کی اور بیٹے کی ولادت پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شاہین نے بمراہ کے بیٹے کے لیے تحفہ دیا اور کہا کہ یہ میری طرف سے شہزادے کےلیے تحفہ ہے. بھارتی بولر نے تحفہ دینے پر شاہین کا شکریہ ادا کیا۔

اب بمراہ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر شاہین کو مینش کرتے ہوئے ان کے نام پیغام جاری کیا۔جس پریت بمراہ نے لکھا 'ایک خوبصورت اقدام، میں اور میری فیملی اس محبت کے شکر گزار ہیں'۔ساتھ ہی بمراہ نے شاہین کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔اس سے قبل شاہین نے بمراہ کو تحفہ دینے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایکس پر ان کی فیملی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'ہم فیلڈ پر لڑتے ہیں لیکن فیلڈ کے باہر ہم عام انسان ہیں'۔خیال رہے کہ جسپریت بمراہ کے ہاں 4 ستمبر کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی اور فوری طور پر اسکواڈ کو سری لنکا چھوڑ کر بھارت روانہ ہوئے تھے جو بعدازاں واپس آگئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، ریزرو ڈے پر آج وہیں سے کھیل شروع ہو گا جہاں کل ختم ہوا تھا۔بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالیے تھے جب کہ کریز پر کے ایل راہول اور ویرات کوہلی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن