بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے میں تیز ترین 13,000 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔34 سالہ سپر اسٹار بلے باز نے پیر کو کولمبو اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 میچ کے دوران اپنی 267 ویں اننگز میں تاریخی ریکارڈ اپنے نام کیا۔بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے 321 ون ڈے میچز کے دوران اس سنگ میل کو حاصل کیا تھا۔ ٹنڈولکر کے بعد سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ (341) اور سری لنکن جوڑی کمار سنگاکارا (363) اور سنتھ جے سوریا نے (416) میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی نامور فہرست میں کوہلی بھی پانچویں نمبر پر ہیں۔وہ اب تک تمام فارمیٹس میں 25600 رنز بنا چکے ہیں۔ ٹنڈولکر (34357)، سنگاکارا (28016)، پونٹنگ (27483)، اور سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے (25957) اس فہرست میں کوہلی سے اوپر ہیں۔