واہگہ بارڈر پرچیک پوسٹ کی اپ گریڈیشن نیسپاک کے سپرد

لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت بھارت کیساتھ بین الاقوامی سرحد کیساتھ واہگہ بارڈر پر مشترکہ چیک پوسٹ کو نئی شکل دینے میں مصروف ہے۔ نیسپاک کی زیرنگرانی منصوبے پر جاری کام دسمبر 2025 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ مقصد واہگہ بارڈر کراسنگ پر سکیورٹی، سہولیات اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کوبہتر بنانا ہے۔منصوبے کی تخمینہ لاگت 3,000 ملین ہے، جسے پنجاب حکومت فنڈکررہی جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب ورکس ڈیپارٹمنٹ بطور کلائنٹ کام کر رہا ہے۔ حال ہی میں نیسپاک کے منیجنگ ڈائریکٹر زرغام اسحاق خان نے ایگزیکٹو نائب صدر رانا داؤد کے ہمراہ سائٹ کا دورہ کیا۔ پراجیکٹ منیجرذوالفقار علی طارق، نیسپاک ٹیم، پاکستان رینجرز پنجاب کے نمائندوں ،کنٹریکٹر شاہد بلڈرز نے انکا استقبال کیا۔ مسٹر خان نے پراجیکٹ کی بروقت تکمیل  کیلئے  اہم سرگرمیوں کی نشاندہی کرنے ، زیرو فلوٹ کا حساب لگانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس توسیع سے تماشائیوں کی گنجائش 8ہزار سے24ہزار ہو جائیگی، جدید ترین تاریخی میوزیم‘مسافروں ‘ سیاحوں کیلئے جدید ویٹنگ لاؤنجز‘ وی وی آئی پیز کیلئے گرین روم اور   فلیگ پول کی اونچائی  135 میٹر تک بڑھا کر   اسے دنیا کا تیسرا بلند ترین فلیگ پول بنانا منصوبے میں شامل ہے۔ تماشائیوں کیلئے چار میدان‘رینجرز کے 15 دفاتر تعمیر کیے جائیں گے، رینجرز بیرکس میں 100 افراد کی گنجائش ہوگی جبکہ میڈیا گیلری 2ہزار مربع فٹ پر محیط ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن