اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ میاں محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی پنشن ایک بم کی شکل اختیار کرچکی ہے اسے روکنا ہوگا۔ سینٹ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وقفہ سوالات میں جوابات دیتے ہوئے کہا کہ گورنر سٹیٹ بینک کو کہا گیا ہے زرعی قرضوں سے متعلق بلوچستان پر توجہ دی جائے۔ کفایت شعاری اور رائٹ سائزنگ پر ڈاکٹر عشرت حسین نے پی ٹی آئی دور میں اچھا کام کیا۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر عشرت حسین کا شکر گزار ہوں انہوں نے بہت کام کیا۔ ڈاکٹر عشرت حسین کے کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم نے 6 وزارتوں میں رائٹ سائزنگ پر کام کرلیا ہے، اس پر قانون سازی کرنا ہوگی۔ پنشن اصلاحات پر جلد قانون سازی لائیں گے۔ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی سہولت کے لئے رواں مالی سال کے دوران زرعی قرضوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ بلوچستان کے لئے پچھلے دو سال کے دوران زرعی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈیری اور لائیو سٹاک کے شعبوں کے لئے بھی قرضوں کی فراہمی بڑھائی جائے گی۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، ڈاکٹر زرقا سہروردی، کامران مرتضی، سینیٹر ذیشان خانزادہ اور سینیٹر دنیش کمار کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری ادارے متعلقہ قوانین کے تحت قائم ہوتے ہیں۔ قرضوں میں اضافے میں بتدریج کمی آ رہی ہے، اخراجات میں کمی کے لیے چھ وزارتوں کا ہم نے جائزہ لیا ہے، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر اداروں کے حوالے سے مختلف پیکجز پر کام ہو رہا ہے اور یہ ایوان میں پیش کیے جائیں گے، نقصان میں خسارے کے شکار اداروں کی وجہ سے ایک ٹریلین روپے کا نقصان ہو رہا ہے اس مسئلے کا بھی حل نکالا جائے گا۔ ادھر سینیٹر محمد اورنگزیب نے بجلی اور توانائی کے شعبے کی تنظیم نو کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تین ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے، نجی شعبے کو معیشت کو چلانے کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے، حکومت نجی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں کے الیکٹرک کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز مارک سکیلٹن سے ملاقات میں کہی جس میں کراچی کے رہائشیوں کو سستی اور پائیدار توانائی کی فراہمی یقینی بنانے ، کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کی بڑھتی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور کمپنی کی قابل تجدید ذرائع کی طرف منتقلی کے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔کے الیکٹرک کی ٹیم نے کراچی میں بجلی کی قیمت کم کرنے کے لیے اپنے جنریشن مکس میں قابل تجدید ذرائع کو شامل کرنے کے منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور ملک کی معاشی ترقی کے حقیقی محور ہیں۔ انہوں نے یہ یہ بات یو ایس کموڈٹی فیوچر ٹریڈنگ کمیشن (سی ایف ٹی سی) کے دفتر برائے بین الاقوامی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیون پِکولی سے ملاقات کے دوران کہی۔ امریکی سفارت خانے کے حکام اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں زرعی اجناس کی منڈی کے کردار اور پاکستان میں اجناس کی مستقبل کی مارکیٹ کی ترقی، ضابطے اور نگرانی کے سلسلے میں استعداد کار بڑھانے کے تربیتی سیشنز کی جاری سیریز کے لئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور سی ایف ٹی سی کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کا قرض رول اوور کرنے سے انکار نہیں کیا، بات مثبت سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اپنے طریقہ کار سے کام کرتا ہے، حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ سعودی عرب سے قرض رول اوور پر بات چیت جلد مکمل ہونے کا امکان ہے۔
تین ڈسکوز کی نجکاری شروع، پنشن بم کی شکل اختیار کر چکی، روکنا ہو گا: وزیر خزانہ
Sep 11, 2024