گوجرانوالہ‘ بہاولنگر (نمائندہ خصوصی) پنجاب کے 15اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، پہلے روز 38لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔ بہاولنگر میں پولیو مہم کے دوران سخت گرمی اور حبس سے خاتون پولیو ورکر دوران ڈیوٹی جاں بحق ہوگئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبہ میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے مائیکرو پلانز کو ازسر ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز 15اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں، پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے سب کو ملکر قومی جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے ساہیوال اور چکوال میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر رپورٹ طلب کر لی۔ محکمہ صحت کے حکام نے جاری انسداد پولیو مہم بارے بریفنگ دی۔ انہوں ہے بتایا کہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 39لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم 15ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس کے علاہ دیگر 12اضلاع میں مہم 13ستمبر تک جاری رہے گی۔ ان اضلاع میں اٹک، بہاولپور، بہاولنگر، چکوال، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ملتان، مظفر گڑھ، اوکاڑہ، راجن پور، رحیم یار خان، شیخو پورہ شامل ہیں۔