جوبائیڈن ہیرس انتظامیہ افغانستان میں ناکام ہو چکی، سپیکر ایوان نمائندگان

واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کی جانب سے اگست 2021 میں افغانستان سے تباہ کن امریکی انخلا کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات کے تسلسل میں ایوان کے سپیکر مائیک جانسن نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بائیڈن ہیرس انتظامیہ افغانستان میں ہمارے فوجیوں کی حفاظت میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے اس ناکام انخلا کی وجہ سے اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار پیچھے چھوڑ دیے ہیں۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر واپسی کی بدانتظامی کے بارے میں جھوٹ بول رہی ہے۔ قبل ازیں ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین مائیکل میکول نے افغانستان سے انخلا اور اس کے بعد پیدا ہونے والی افراتفری کے بارے میں کمیٹی کی تحقیقات کے بارے میں اکثریتی رپورٹ شائع کی۔رپورٹ میں کملا ہیرس (ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار) پر تمام امریکی افواج کو واپس بلانے کے لیے پردے کے پیچھے بائیڈن کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام لگایا گیا۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سابق ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم صدارتی انتخابات سے قبل آخری ہفتوں میں افغانستان سے انخلا سے متعلق فیصلوں کو ایک بڑا مسئلہ بنانا چاہتی ہے۔رپورٹ میں ریپبلکن نمائندوں نے اس معاملے پر بائیڈن انتظامیہ کے اہلکاروں کے فیصلوں پر روشنی ڈالی۔ ڈیموکریٹس نے ایک میمو میں دعوی کیا کہ ریپبلکن پارٹی حقائق سے کھلواڑ کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن