لاہور: لاکھوں کے ڈاکے، معمر شخص حافظ آباد، بیکری مالک شاہکوٹ میں قتل 

لاہور؍ حافظ آباد؍ سانگلہ ہل؍ ننکانہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ میں منیر سے 2لاکھ 15ہزار اور موبائل فون، ساندہ میں فرہاد سے 2لاکھ 10ہزار روپے اور موبائل فون، ٹائون شپ میں رضا سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں رفیق سے ایک لاکھ 45 ہزار روپے اور موبائل فون، مناواں میں نزاکت سے1 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون، ملت پارک میں ریاض سے 1لاکھ 20 ہزار نقدی اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں ناصر سے 75 ہزار روپے، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ فیکٹری ایریا اور شاہدرہ سے گاڑیاں جبکہ ریس کورس سبزہ زار اور مسلم ٹائون سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ حافظ آباد ہر چوکی گاؤں کا رہائشی معمر شخص ظفر اقبال جوئیہ نجی بنک سے 15 لاکھ وپے سے زائد نقدی نکلوا کر اپنی بیوی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تھانہ صدر کے علاقہ اقبال نگر کے قریب اسے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈاکو اس سے 15 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ صدر پولیس خراٹے لیتی رہ گئی۔ دریں اثناء شاہ کوٹ جڑانوالہ روڈ پر میر پور گاؤں کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے بیکری مالک 40 سالہ عباس کو قتل کر دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن