لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک وسیع ہوکر پورے ملک کے عوام کے حقوق کی تحریک بن گئی ہے، مہنگی بجلی وگیس، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ پورے ملک کا مسئلہ ہے، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں، آئی پی پیز کو لگام دیں، حکومت نے معاہد ہ پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا تو 3 روزہ ہڑتال، لانگ مارچ اور پھر بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات و وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ مرد و خواتین، نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں، طاقت بنیں اور اس حکمران ٹولے سے نجات کی جدوجہد کا حصہ بنیں جس نے ملک اور قوم کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحسن چوک ناظم آباد میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے ایک بڑے کیمپ پر علاقے کے عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید وجیہہ حسن نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن جب ناظم آباد پہنچے تو اردو بازار پر ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور وہ ایک ریلی کی شکل میں الحسن چوک پہنچے۔ جماعت اسلامی کے جھنڈے اور خیرمقدمی بینرز لگائے گئے تھے، بڑے پیمانے پر لائٹنگ کے باعث رات گئے تک دن کا سماں لگ رہا تھا، قریبی فلیٹوں کی گیلریوں اور کھڑکیوں میں سے بھی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کیا۔ فضا حافظ حافظ، ہم بیٹے کس کے حافظ کے، ہم سب متوالے حافظ کے، میری جان جماعت اسلامی، تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہو، کے نعروں سے گونجتی رہی، فارم 45کے بجائے جعلی فارم 47کے ذریعے پورا حکومتی ڈھانچہ کھڑا کردیا گیا ہے، جس کی کوئی حیثیت نہیں، اب عوام کی رائے کو زیادہ عرصے دبایا نہیں جاسکے گا اور عوام خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے، سید وجیہہ حسن نے ناظم آباد آمد پر حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی جدوجہد سے حکمرانوں سے اپنا حق لے کر رہیں گے۔
حکومت نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو 3 روزہ ہڑتال، لانگ مارچ پھر بجلی بلز کا بائیکاٹ: حافظ نعیم
Sep 11, 2024