تنازعہ کشمیر علاقائی، عالمی امن کیلئے خطرہ، اقوام متحدہ حل کیلئے فوری مداخلت کرے: حریت کانفرنس

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ  جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ سے علاقائی اورعالمی امن کے لئے خطرہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے اور ان کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کی مداخلت کا مطالبہ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے منظم قتل عام اور جموں وکشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین  پیر عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں کشمیر کے لوگوں کو انکا اپنا حق اور ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔جبکہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہم طحہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی بھارتی کوششوں کو روکیں۔ محمود احمد ساغر نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے باوجود انتخابی ڈرامے کے ذریعے علاقے میں حالات معمول کے مطابق ظاہر کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

ای پیپر دی نیشن