لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی سٹیئرنگ کمیٹی برائے جیمز سٹونز کے اہم اجلاس میں مختلف اصلاحات پر اتفاق رائے کرتے ہوئے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی وزراء، سیکرٹری و سینئر افسران اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں سمیت سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور جیمز سٹونز کے حوالے سے مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اْن کی منظوری دی۔ اجلاس میں سب کمیٹی کی سفارشات کے مطابق جیمز سٹونز کو صنعت کا درجہ دیتے ہوئے وزارت صنعت سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کار بورڈا ور مواصلات اور چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم جیمز سٹونز کی صنعت کو فروغ دینے اور کثیر زر مبادلہ کے لئے حکومت اور نجی شعبے کی باہمی شراکت اور مربوط اقدامات کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ جیمز سٹونز انتہائی اہم شعبہ ہے جس کی بہتری کیلئے مجوزہ اصلاحات سمیت دیگر اہم امور کے لئے وزیر اعظم سے حتمی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری پٹرولیم و سینئر افسران کی جانب سے جیمز سٹونز کے شعبے کو اتھارٹی کی بجائے کمپنی کے طور پر فعال کرنے کی بھی تجویز سمیت مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف پہلوؤں کو زیر غور لایا گیا۔
حکومت نے جیمز اینڈ سٹونز کو صنعت کا درجہ دے دیا
Sep 11, 2024