اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبر پی کے میں قیام امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے۔ دہشتگردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے۔ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا۔ دوران ملاقات عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے انسداد دہشتگردی کیلئے اے این پی کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو شہید کیا، اس جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا وقت آ گیا، محسن نقوی: ساتھ ہیں، ایمل ولی
Sep 11, 2024