اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں مونال سمیت تمام ریسٹورنٹس بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نظرثانی درخواستیں خارج کردیں ہیں۔ ریسٹورنٹس کے حق میں دی گئی آبرزویشنز بھی واپس لے لیں، جن میں مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کو کسی اور مقام پر لیز دینے کی ترجیح کی آبرزویشن شامل تھی۔ عدالت نے کہا کہ مونال اور دیگر ریسٹورنٹس نے تین ماہ میں رضاکارانہ طور پر ریسٹورنٹس بند کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس کے باوجود نظرثانی دائر کرنا عدالت کے ساتھ مذاق اور توہین آمیز ہے۔ سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کو ہدایت دی تھی کہ دیگر علاقوں میں ریسٹورنٹس کو لیز دیتے وقت ان ریسٹورنٹس کو ترجیح دی جائے، تاہم اس حوالے سے سپریم کورٹ نے اپنی آبرزویشن کو واپس لے لیا ہے۔