کراچی (آئی این پی) سندھ اسمبلی میں خواتین کی توہین پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے خلاف قرارداد پیش کر دی گئی۔ سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیرصدارت اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پی پی رکن سعدیہ جاوید نے علی امین گنڈا پور کی جانب سے خواتین اور صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ کے خلاف قرارداد پیش کر دی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ الیکشن کمشن اور متعلقہ ادارے وزیراعلیٰ کے پی کے بیان کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے، ایسے شخص کو وزیراعلیٰ نہیں ہونا چاہیے۔ قرارداد کے خلاف پی ٹی آئی ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور بولنے کی کوشش کی۔ سپیکر سندھ اسمبلی نے اس پر کہا کہ آپ کی کرسی میں کوئی مسئلہ ہے کیا جو بار بار کھڑے ہو جاتے ہیں۔ سعدیہ جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عورتوں کی عزت نہیں کرتے، تمام عورتیں اس قرارداد کو سپورٹ کریں، الیکشن کمشن سے درخواست کرتے ہیں علی امین گنڈاپور کی رکنیت معطل کی جائے اور ان سے استعفی لیا جائے۔ ضیاء لنجار نے کہا کہ ہمارے بھی جذبات ہیں، اگر مخالفین کی خواتین آجائیں تو عزت اور احترام میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔
خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ، سندھ اسمبلی میں گنڈا پور کیخلاف قرارداد، پی ٹی آئی ارکان کا احتجاج
Sep 11, 2024