تندور کے ریٹس ریسٹورنٹس پر لاگو کرنا زیادتی ہے، محمد فاروق چوہدری

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)فوڈ کے کاروبار سے منسلک چھوٹے تاجروں کے لئے تھری سٹار اور فائیو سٹار ہوٹلوں کے برابر کمرشل گیس ٹیرف 3900 فی ایم ایم بی ٹی یو کی ادائیگی کے ساتھ روٹی 14 روپے پر فروخت کرنا محال ہوگیا، بھاری جرمانوں نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔جنھوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی کہ چھوٹے کاروباری مراکز سے منسلک تاجروں کے اخراجات کو مد نظر رکھ کر سوئی گیس ٹیرف اور روٹی کے نرخ طے کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہارصدر راولپنڈی ریسٹورنٹس، کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ اعلی عدلیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئیریسٹورنٹس پر روٹی کے ریٹس مقرر کرنے کے کیس پر  ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی چوہدری محمد نعیم اور سینئر نائب صدر چوہدری زاہد محمود کے ہمراہ سیکرٹری انڈسٹریز کامرس انوسٹمنٹ اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان  بھٹہ سے اہم ملاقات کی گئی، جب کہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز ،پرائس ،ویٹ اینڈ میٹرز آصف علی فرخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ملاقات سے متعلق اہم معاملات سے آگاہ کرتے ہوئے صدر ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے بتایا کہ تندور کے ریٹس ریسٹورنٹس پر لاگو کرنا زیادتی ہے،کیوں کہ ہمارے اخراجات تندور سے کہیں زیادہ ہیں، تندور کو خصوصی پروٹیکٹڈ گیس ٹیرف دیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن