راولپنڈی(جنرل رپورٹر)مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی نے مرکزی جلوس کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا جس کے مطابق جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں بڑی گاڑیوں ،ٹریلے، مزدے، شہ زور کے داخلہ پر مکمل پابندی ہے لہذا کوئی بھی میلاد پارٹی بڑی گاڑی بک نہ کروائے۔مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے صدر حاجی محمد محفوظ جنرل سیکرٹری ابرار احمد شیخ نے جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں تمام اسٹیج لگانے والے عاشقان رسول سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی میوزک پارٹی کو اپنے سٹیج پرٹائم نہ دیں۔دف کے علاوہ ہرقسم کے میوزیکل سازو آلات پر جشن عید میلا دالنبی کے جلوس میں سخت پابندی ہوگی۔11ربیع الاول کو جشن چراغاں دیکھنے کیلئے آنے والی گاڑیاں ٹریفک قوانین کااحترام کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے ۔10، 11، 12 ربیع الاول کے تینوں دن شہر بھر کولوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے۔ انہوں نے شرکا ء جلوس سے کہا کہ وہ جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس کے دوران زبان پر درود و سلام کا ورد جاری رکھیں۔جشن عید میلادالنبی کے جلوس اور چراغاں دیکھنے کیلئے آنے والی فیملیز کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی کے جلوس میں ہر قسم کی غیر شرعی حرکات سے اجتناب کریں۔جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں صاف لباس پہن کر باوضو شامل ہوں۔ جہاں نماز کا وقت ہو عاشقان رسول قریبی مساجد میں باجماعت نماز ادا کریں۔