اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی روکنے کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔العربیہ کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے جنیوا میں عالمی انسانی حقوق کونسل کے 57 ویں اجلاس کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔وولکر ترک نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں تقریبا ایک سال سے جاری جنگ کو ختم کرنا اولین ترجیح ہے، ریاستوں کو قانون کی صریح بے توقیری کو قبول نہیں کرنا چاہیے، بین الاقوامی قانون بشمول سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے احکامات کی خلاف ورزی کی جاری ہے۔انہوں نے عالمی عدالت برائے انصاف کی طرف سے گزشتہ جولائی میں جاری ایک رائے کا بھی حوالہ دیا جس میں عدالت نے اسرائیل کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا تھا کہ اس صورت حال کو جامع انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔ان کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی فورسز نے تقریبا 10 روز قبل مغربی کنارے میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کرکے جنین اور طولکرم سمیت کئی شہروں پر دھاوا بول دیا، ان کارروائیوں میں 30 فلسطینی شہید ہوئے ۔ اسرائیلی فوجی آپریشن میں کئی گرفتاریاں کی گئیں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
اسرائیل مغربی کنارے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے : اقوام متحدہ
Sep 11, 2024